ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہیرو ایشیا کپ ہاکی میں ہندوستان نے دی بنگلہ دیش کو7۔0 سےشکست دی

ہیرو ایشیا کپ ہاکی میں ہندوستان نے دی بنگلہ دیش کو7۔0 سےشکست دی

Sat, 14 Oct 2017 13:01:50    S.O. News Service

ڈھاکہ، 13 اکتوبر (یو این آئی) ہندوستان نے اپنا بہترین کارکردگی جاری رکھتے ہوئے میزبان بنگلہ دیش کو جمعہ کو 7۔0 سے شکست دے کر ہیرو ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں اپنی مسلسل دوسری جیت درج کی۔ ہندوستان کی یکطرفہ جیت میں گرجیت سنگھ (7)، آکاش دیپ سنگھ (10)، للت اپادھیائے (13)، امیت روھداس (20)، ھرمن پریت سنگھ (28 اور 47) اور رمن دیپ سنگھ (46) نے گول داغے ۔ ہندوستان اس جیت کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں سب سے اوپر بنا ہوا ہے ۔ جبکہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی اگلے راؤنڈ میں رسائی کی کوششوں کو شدید دھچکا لگا ہے اور پاکستانی ٹیم اور جاپان کے درمیان میچ دلچسپ مقابلے کے بعد 2۔2 گول سے برابر رہا۔بنگلہ دیش میں کھیلے جا رہے ایشیا کپ میں گروپ اے میں موجود پاکستانی ٹیم اپنے دوسرے میچ میں جاپان کے مدمقابل تھی جہاں میچ کے پہلے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم گول اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ دوسرے کوارٹر کے آغاز کے ساتھ ہی میچ کے 16ویں منٹ میں پاکستان کے ارسلان قادر نے گول کر کے ٹیم کو 1۔0 گول کی برتری دلائی لیکن جاپان نے شاندار انداز میں میچ میں واپسی کی اور میچ کے 22 ویں اور 29ویں منٹ میں گول کر کے 2۔1 سے برتری حاصل کر لی۔ میچ کے تیسرے کوارٹر میں بھی کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کر سکی لیکن میچ کے اختتام سے دس منٹ قبل پاکستان کے عمر بھٹہ نے گول کر کے مقابلہ 2۔2 سے برابر کر دیا اور میچ کے اختتام تک یہ اسکور برابر رہا۔ پاکستان کے کپتان محمد عرفان نے میچ برابر ہونے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے اچھا کھیل پیش نہیں اور اس سے بہتر کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں، ہماری فارورڈ لائن بھی بہتر کھیل پیش نہ کر سکی جبکہ ٹیم ورک کی بھی کمی نظر آئی۔ پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا تیسرا اور آخری میچ اتوار کو روایتی حریف اور خطاب کی مضبوط دعویدار ہندوستان کے خلاف کھیلے گی۔


Share: